پشاور: 2 روز میں مرغی 65 روپے کلو مہنگی، مردہ مرغیوں کی فروخت کا بھی انکشاف

image

پشاور میں مرغی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کا سلسلہ جاری ہے جہاں ایک ہی دن میں فی کلو قیمت میں مزید 40 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

دو روز کے دوران مجموعی طور پر 65 روپے فی کلو اضافے کے بعد مرغی کی قیمت 440 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے جو اس سے قبل 375 روپے فی کلو تھی۔

مرغی کی قیمتوں میں اچانک اور مسلسل اضافے نے صارفین کو شدید مشکلات سے دوچار کردیا ہے، جبکہ پولٹری کے کاروبار سے وابستہ بعض افراد کے کروڑ پتی بننے کے دعوے بھی سامنے آ رہے ہیں۔

سردی کی شدت میں اضافہ اور شادی سیزن کو مرغی کی قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجوہات قرار دیا جا رہا ہے۔

ادھر مرغی کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کے باعث شہر میں مردہ مرغیوں کی فروخت کا انکشاف بھی ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق مختلف مقامات پر مردہ مرغیوں کو کاٹ کر فروخت کیا جا رہا ہے جو بعد ازاں شہر کے مختلف علاقوں میں سپلائی کی جا رہی ہیں۔

مرغی کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ مردہ مرغیوں کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ ہو گیا ہے، جس پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US