پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی نجکاری کا مرحلہ وار عمل مقامی ہوٹل میں کامیابی سے مکمل ہو گیا۔ بولی کے اس اہم مرحلے میں ملک کے بڑے کاروباری گروپس نے حصہ لیا، جس کے نتیجے میں عارف حبیب گروپ نے 135 ارب روپے کی سب سے زیادہ بولی دے کر پی آئی اے کے 75 فیصد شیئرز حاصل کرلیے۔
ابتدائی مرحلے میں عارف حبیب گروپ کی جانب سے 120 ارب روپے کی پیشکش جمع کرائی گئی، جبکہ لکی سیمنٹ گروپ نے 119 ارب روپے 25 کروڑ کی بولی دی۔ بعد ازاں مقابلے کے دوران لکی کنسورشیم نے اپنی بولی بڑھا کر 120 ارب 25 کروڑ روپے کر دی، جس پر عارف حبیب کنسورشیم نے بولی مزید بڑھاتے ہوئے 121 ارب روپے کی پیشکش پیش کی۔
بولی کے آخری اور فیصلہ کن مرحلے میں عارف حبیب گروپ نے سب سے بڑی پیشکش دیتے ہوئے 135 ارب روپے کی بولی جمع کرائی، جس کے بعد انہیں پی آئی اے کے 75 فیصد شیئرز کا کامیاب خریدار قرار دے دیا گیا۔
نجکاری کے اس عمل کو شفاف اور مسابقتی بنایا گیا، جس میں تمام قانونی اور مالی تقاضے پورے کیے گئے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی نجکاری سے قومی ایئرلائن کی مالی حالت بہتر ہوگی، انتظامی ڈھانچے میں بہتری آئے گی اور ادارہ منافع بخش بنیادوں پر استوار ہو سکے گا۔
معاشی ماہرین کے مطابق پی آئی اے کی نجکاری ملکی معیشت کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے، جس سے نہ صرف قومی خزانے پر بوجھ کم ہوگا بلکہ ایوی ایشن سیکٹر میں سرمایہ کاری اور مسابقت کو بھی فروغ ملے گا۔