اسلام آباد کو کیپٹل اسمارٹ سٹی بنانے کا فیصلہ، بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کے داخلے پر پابندی

image

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کا پہلا شہر اسلام آباد کیپٹل اسمارٹ سٹی بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ یکم جنوری سے اسلام آباد میں بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی جائے گی۔

وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری نے اسلام آباد سیف سٹی ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ڈیجیٹل وال پر شہر کے مانیٹرنگ سسٹم، جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے امنِ عامہ کے اقدامات اور کنٹرول روم میں قائم اسپیشل چائنیز ڈیسک پر سیکیورٹی سرویلنس کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر وزیر داخلہ کی زیر صدارت اہم اجلاس بھی ہوا، جس میں شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ آئی جی اسلام آباد پولیس نے سیف سٹی سے کیپٹل اسمارٹ سٹی منتقلی کے امور سے آگاہ کیا اور بتایا کہ محرم الحرام کے دوران سیف سٹی کیمروں کی مدد سے وقت اور وسائل کی نمایاں بچت ہوئی۔

محسن نقوی نے ہدایت کی کہ کیپٹل سمارٹ سٹی منصوبے پر کام تیز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122، ٹریفک، سیکیورٹی اور سی ڈی ایم اے سمیت تمام شہری سہولیات کو ایک مرکزی نظام میں ضم کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کیپٹل سمارٹ سٹی کے دائرہ کار کو مستقبل میں پورے ملک تک بڑھایا جائے گا اور اسلام آباد کو محفوظ ترین شہر بنانے کے لیے اس منصوبے کو ماڈل کے طور پر اپنایا جائے گا۔

اجلاس میں وفاقی سیکریٹری داخلہ، چیف کمشنر اسلام آباد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US