پارلیمانی وفد کی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی برسی پر گڑھی خدابخش میں ملاقات

image

پارلیمانی وفد نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر صدر پاکستان آصف علی زرداری اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے گڑھی خدابخش میں ملاقات کی۔ وفد کی قیادت اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کی۔

وفد میں وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ، وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فاضل چوہدری، رکن قومی اسمبلی اعجاز حسین جکھڑانی، سندھ اسمبلی کی رکن محترمہ فریال تالپور اور دیگر ارکان قومی و صوبائی اسمبلی شامل تھے۔ وفد نے برسی کی تقریب میں شرکت کے لیے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر گڑھی خدابخش کا دورہ کیا۔

ملاقات کے دوران شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی جمہوریت کی جدوجہد، آئین کی بالادستی، عوامی حقوق کے تحفظ، خواتین کو بااختیار بنانے اور قومی مصالحت کو فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پارلیمانی وفد نے ان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کے مشن اور وژن کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو پاکستان کی تاریخ کی ایک بہادر اور عوامی قیادت والی شخصیت تھیں، جنہوں نے رواداری، قانون کی حکمرانی اور عوامی فلاح کے لیے خدمات انجام دیں۔

صدر اسف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وفد کی شرکت اور یکجہتی کے اظہار پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ باہمی تعاون اور سیاسی ہم آہنگی ملکی استحکام، جمہوری اقدار کے فروغ اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ضروری ہے۔

تقریب میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے درجات کی بلندی کے لیے دعائیں بھی کی گئیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US