وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ہدایات پر پنجاب میں ملک کا پہلا اور منفرد سہولت آن دی گو بازار قائم کیا گیا ہے، جس کا مقصد شہریوں کو سستے اور معیاری سامان فراہم کرنا اور گلی کوچوں میں کام کرنے والے ٹھیلے داروں کو باعزت روزگار دینا ہے۔
پہلے مرحلے میں لاہور کے 10 مقامات پر یہ بازار قائم کیے گئے ہیں جن میں گلشن راوی، شادمان، مادرِ ملت، مدینہ مارکیٹ، ٹاؤن شپ، سندر روڈ، کوٹھہ پنڈ فیصل ٹاؤن، خدرک نالہ، اعوان ٹاؤن، ویلنشیا، اور شاہدرہ شامل ہیں۔ فروری 2026 تک مزید پانچ مقامات پر یہ بازار فعال ہو جائیں گے۔ برکی، صدر، نشتار ٹاؤن، رائیونڈ، فیصل ٹاؤن، مون مارکیٹ اور فیروزوالہ میں بھی بازار کے قیام کے آخری مراحل مکمل ہیں۔
ان بازاروں میں پھل، سبزیاں، مرغی اور گروسری کی اشیاء ڈسٹرکٹ کنٹرول ریٹس پر دستیاب ہوں گی اور یہاں بہترین سیکیورٹی، واش رومز اور صفائی کا مکمل انتظام موجود ہے۔ شہری ڈرائیو تھرو شاپنگ کی سہولت سے بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
ٹھیلے داروں نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا، “ہم اب صرف ٹھیلے دار نہیں بلکہ اپنے دکانوں کے حقیقی مالک بن گئے ہیں۔ ہم چیف منسٹر کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ٹھیلے ہٹانے کے بجائے ایک باعزت اور مستقل نظام فراہم کیا۔”
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ رمضان بازاروں میں سستی اشیاء اب سال بھر سہولت آن دی گو بازار میں دستیاب ہوں گی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ اس منصوبے کو لاہور کے دیگر علاقوں میں بھی مرحلہ وار وسعت دی جائے۔ انہوں نے کہا، ہر ٹھیلے دار اب فخر سے کہہ سکتا ہے کہ اس کی اپنی دکان ہے، کیونکہ حقیقی ترقی وہ ہے جس میں ہر غریب مزدور بھی فائدہ اٹھائے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس منصوبے کا آغاز پورے پنجاب میں کیا جائے گا اور گلی کوچوں میں کھڑے ٹھیلے دار آج چھت والی دکانوں کے مالک بن گئے ہیں۔ انہوں نے پنجاب سہولت بازار اتھارٹی کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ اس منصوبے کے ذریعے رمضان بازاروں میں دی جانے والی سبسڈی کی ضرورت بھی کم ہو جائے گی۔