ترکی کی نیول اسپیشل آپریشن فورسز SAT اور پاکستان نیوی کی اسپیشل سروس گروپ نیوی (SSG-N) کے درمیان 12 روزہ مشترکہ خصوصی جنگی مشق ’’ایائلدز 2025‘‘ ترکی کے شہر استنبول میں SAT کمانڈ بیس پر کامیابی سے مکمل ہوگئی۔
اعلیٰ معیار کی اس مشترکہ مشق کا مقصد دونوں ممالک کی ایلیٹ فورسز کے درمیان باہمی ہم آہنگی، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مشترکہ آپریشنل استعداد کو مزید مضبوط بنانا تھا۔ مشق کے دوران جدید اور پیچیدہ عسکری سرگرمیوں پر عمل کیا گیا جن میں کمبیٹ فائرنگ، اسنائپر فائرنگ، وی بی ایس ایس آپریشنز (VBSS)، شپ اِن اے باکس ٹریننگ اور جوائنٹ پلاننگ پروسیجرز شامل تھے۔
مشق میں شریک دستوں نے اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت، جنگی تیاری اور جدید حربی صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کیا۔ اس مشترکہ تربیت نے دونوں بحری افواج کے درمیان انٹرآپریبلٹی کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
’’ایائلدز 2025‘‘ نے ترکیہ اور پاکستان کے درمیان دیرینہ، برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کیا اور باہمی احترام، مشترکہ تاریخ اور دفاعی تعاون کا واضح اظہار کیا۔ یہ مشق بحری سلامتی کے فروغ اور دونوں ممالک کے مابین جاری دفاعی تعاون میں ایک اہم سنگِ میل قرار دی جا رہی ہے۔