شوگر ملوں کی مانیٹرنگ ڈیوٹی سے غیر حاضر ایف بی آر کے 6 اہلکار معطل

image

فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے شوگر ملوں میں مانیٹرنگ ڈیوٹی سے بلا اجازت غیر حاضر رہنے والے 6 اہلکاروں کو معطل کردیا۔

ترجمان ایف بی آر کے مطابق یہ اقدام فرائض میں غفلت کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کیا گیا ہے۔

ایف بی آر کے مطابق مذکورہ اہلکاروں کو سیلز ٹیکس ایکٹ 1990 کی دفعہ 40B کے تحت شوگر کی پیداوار کی شفاف اور مؤثر نگرانی کے لیے تعینات کیا گیا تھا۔ تاہم لارج ٹیکس آفس (ایل ٹی او) لاہور کی جانب سے معمول کی مانیٹرنگ کے دوران ان کی غیر حاضری سامنے آئی۔

ترجمان نے بتایا کہ ایل ٹی او لاہور نے غفلت اور لاپروائی کی بنیاد پر متعلقہ اہلکاروں کے خلاف تادیبی کارروائی کی سفارش کی، جس کے بعد فوری طور پر معطلی کے احکامات جاری کیے گئے تاکہ مانیٹرنگ کے عمل میں کسی قسم کا خلل نہ آئے۔

ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ نظم و ضبط، دیانتداری اور پیشہ ورانہ معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور فرائض میں کوتاہی برتنے والے اہلکاروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی جاری رہے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US