وزیراعظم شہباز شریف کا مظفرآباد میں جدید کینسر اسپتال اور میڈیکل کالج کا افتتاح

image

وزیراعظم شہباز شریف نے اتوار کے روز مظفرآباد میں کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف نیوکلیئر میڈیسن، آنکولوجی اینڈ ریڈیوتھراپی کا افتتاح کر دیا، جس کے ساتھ آزاد کشمیر میں ایک جدید کینسر اسپتال اور میڈیکل کالج کا باقاعدہ آغاز ہوگیا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے اس ادارے کو ایک شاندار اور قابلِ فخر منصوبہ قرار دیا اور کہا کہ انسانیت کی خدمت سے بڑھ کر کوئی کام نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اسپتال مقامی سطح پر اعلیٰ معیار کی طبی سہولیات فراہم کرے گا، جس سے عوام کو بڑے شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا۔ وزیراعظم نے اس موقع پر بتایا کہ وہ خود بھی کینسر کے مرض کا مقابلہ کر چکے ہیں۔

تقریب میں ویڈیو پیغام کے ذریعے بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (IAEA) کے ڈائریکٹر جنرل رافیل ماریانو گروسی نے اسپتال کے قیام کو آزاد کشمیر کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا اور عوامی فلاح کے لیے نیوکلیئر ٹیکنالوجی کے استعمال کو سراہا۔

چیئرمین پاکستان اٹامک انرجی کمیشن (PAEC) راجا علی رضا انور نے کہا کہ یہ ادارہ عوامی خدمت کے مضبوط عزم کے تحت قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ کینسر کی تشخیص اور علاج کے لیے ملک کا ایک بڑا قومی نیٹ ورک ہے، جس کے تحت پاکستان بھر میں 21 جدید اسپتال کام کر رہے ہیں اور سالانہ دس لاکھ سے زائد مریض مستفید ہو رہے ہیں۔ ان میں پنجاب میں 6، خیبرپختونخوا میں 5، سندھ میں 5 جبکہ اسلام آباد، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں ایک ایک اسپتال شامل ہے۔

افتتاح کے بعد وزیراعظم نے ادارے کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا اور کینسر کی تشخیص و علاج کے لیے نصب جدید ٹیکنالوجی اور آلات پر تفصیلی بریفنگ حاصل کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US