سٹی کورٹ کراچی میں معروف یوٹیوبر رجب بٹ پر وکلاء کے حملے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگئے۔
رجب بٹ عبوری ضمانت کے حصول کے لیے عدالت میں پیش ہوئے تھے کہ اچانک وکلاء کے ایک گروہ نے ان پر حملہ کردیا۔ تشدد کے باعث رجب بٹ زمین پر گر گئے اور انہیں فوری طبی امداد کی ضرورت پیش آئی۔ پولیس اور عدالتی عملے نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کو قابو میں کیا۔
تاہم حملے کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آ سکیں اور وکلاء تنظیموں کی جانب سے بھی اس حوالے سے کوئی باضابطہ مؤقف جاری نہیں کیا گیا۔ واقعے کے بعد سٹی کورٹ کے احاطے میں سائلین اور دیگر افراد میں شدید تشویش پائی گئی۔
عدالت نے رجب بٹ کی عبوری ضمانت میں 13 جنوری تک توسیع کردی۔ زخمی یوٹیوبر کو عدالتی احاطے سے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔
پولیس حکام نے کہا ہے کہ واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، عدالتی کیمروں کی فوٹیج حاصل کی جارہی ہے اور ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ پولیس نے یہ بھی واضح کیا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔