برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق سال 2025 پاکستان کے لیے اہم سفارتی اور عسکری کامیابیوں سے بھرپور رہا، اس دوران پاکستان نے امریکا کے ساتھ تعلقات کو مضبوط کیا جبکہ بھارت کو سفارتی محاذ پر مؤثر طور پر پیچھے رکھا۔
رپورٹس میں جون 2025 میں فیلڈ مارشل کے دورۂ امریکا کو پاک–امریکا تعلقات کے لیے غیر معمولی قرار دیا گیا۔ اس دوران بھارت نے امریکی ثالثی کے امکان کو مسترد کیا، جبکہ پاکستان نے ذمہ دارانہ اور بالغ سفارتی مؤقف اختیار کیے رکھا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق امریکی صدر کو نوبیل امن انعام کے لیے نامزد کرنا پاکستان کی نمایاں سفارتی کامیابی تھی، جسے وائٹ ہاؤس کے ماحول پر پاکستان کے مؤثر اثر و رسوخ کا عکاس قرار دیا گیا۔
اسی طرح ایبی گیٹ حملے کے مشتبہ ملزم کی حوالگی کو ایک اہم پیش رفت اور فیصلہ کن موڑ قرار دیا گیا۔ ستمبر 2025 میں پاکستان اور امریکا کے درمیان 6 ارب ڈالر مالیت کے معدنی وسائل کے عالمی تعاون کے معاہدے نے عالمی سطح پر سب کو حیران کر دیا، جس سے پاکستان کی سفارتی اور تزویراتی کامیابیاں مزید نمایاں ہوگئیں۔
برطانوی میڈیا کے مطابق ان تمام پیش رفتوں نے پاکستان کو عالمی سفارتی منظرنامے میں ایک مضبوط اور بااثر ریاست کے طور پر اجاگر کیا۔