وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان آئندہ چند ہفتوں میں چینی کیپیٹل مارکیٹ میں پانڈا بانڈ جاری کرے گا جو پاک-چین مالی اور اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاک چین تعلقات اب انفراسٹرکچر تک محدود نہیں بلکہ مارکیٹ پر مبنی اقتصادی شراکت داری میں تبدیل ہو چکے ہیں، اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم رواں سال کے پہلے آٹھ ماہ میں تقریباً 17 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔
وزیر خزانہ نے بتایا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں نجی شعبے کی قیادت میں بزنس ٹو بزنس تعاون اور موجودہ انفراسٹرکچر کو معاشی طور پر مؤثر بنانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پانڈا بانڈ کے اجرا سے پاکستان کو عالمی مالیاتی مارکیٹس تک بہتر رسائی حاصل ہوگی اور امریکی ڈالر پر انحصار کم ہوگا۔
سینیٹر محمد اورنگزیب نے زرعی، معدنیات، مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل معیشت جیسے شعبوں میں چینی سرمایہ کاری کے بڑھتے ہوئے کردار کو بھی سراہا اور بتایا کہ تعلیم اور تکنیکی تربیت کے ذریعے پاکستان کے مستقبل کی ترقی میں مزید مدد فراہم کی جا رہی ہے۔