نئے سال کے آغاز پر عوام کو ریلیف ملنے کا امکان ہے کیونکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 10 روپے 60 پیسے فی لیٹر تک کمی کی تجویز سامنے آ گئی ہے۔ اس حوالے سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے ابتدائی ورکنگ پیپرز تیار کر لیے گئے ہیں۔
ذرائع وزارتِ خزانہ کے مطابق یکم جنوری سے پٹرول کی قیمت میں 10 روپے 60 پیسے فی لیٹر کمی کی تجویز ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 59 پیسے فی لیٹر کمی متوقع ہے۔ اسی طرح مٹی کے تیل کی قیمت میں 9 روپے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے 62 پیسے فی لیٹر کمی کی سفارش کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اوگرا اپنی حتمی ورکنگ وزارتِ خزانہ کو ارسال کرے گی جس کے بعد حکومت ریونیو ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے حتمی فیصلہ کرے گی۔ قیمتوں میں کمی سے متعلق فیصلہ وزیراعظم کی منظوری کے بعد کیا جائے گا، جبکہ حتمی نوٹیفکیشن وزارتِ پٹرولیم کی جانب سے جاری کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اگر حکومت نے لیوی یا اضافی ٹیکسز عائد نہ کیے تو نئے سال کے موقع پر عوام کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی صورت میں واضح ریلیف مل سکتا ہے۔