صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی رہائش گاہ پر مبینہ حملے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے اقدامات جاری امن مذاکرات کے لیے شدید نقصان دہ ثابت ہو سکتے ہیں۔
صدر زرداری نے منگل کے روز اپنے بیان میں کہا کہ اس وقت جب جنگ کے خاتمے کے لیے بات چیت ایک نہایت حساس مرحلے میں داخل ہو چکی ہے کسی بھی قسم کی کشیدگی میں اضافہ صورتحال کو مزید بگاڑ سکتا ہے۔ انہوں نے فریقین پر زور دیا کہ وہ اعلیٰ درجے کا تحمل، ذمہ داری اور دانشمندی کا مظاہرہ کریں۔
صدر مملکت نے کہا کہ امن ہی واحد قابلِ عمل راستہ ہے اور خطے کو مزید عدم استحکام سے بچانے کے لیے ضروری ہے کہ تمام اقدامات سفارت کاری اور مکالمے کی کامیابی کے لیے کیے جائیں۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تحمل اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل ہی حالات کی مزید خرابی کو روک سکتا ہے اور پائیدار امن کی بنیاد رکھ سکتا ہے۔