ادارہ شماریات نے ڈیجیٹل گھریلو جامع معاشی سروے جاری کردیا ہے، جس کے مطابق ملک بھر میں 96 فیصد گھروں میں موبائل فون یا اسمارٹ فون کی سہولت موجود ہے۔
سروے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گھریلو سطح پر انٹرنیٹ تک رسائی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جو 34 فیصد سے بڑھ کر 70 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
ادارہ شماریات کے مطابق یہ سروے ملک بھر کے 32 ہزار گھروں سے حاصل کی گئی تفصیلی معلومات کی بنیاد پر تیار کیا گیا ہے، جس میں سماجی و معاشی حالات، تعلیم اور ڈیجیٹل سہولیات کا جائزہ لیا گیا۔
سروے میں یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ اسکول سے باہر بچوں کی شرح میں کمی آئی ہے اور یہ کم ہو کر 28 فیصد رہ گئی ہے، جو تعلیم کے شعبے میں مثبت پیش رفت کی عکاسی کرتی ہے۔
ماہرین کے مطابق موبائل، اسمارٹ فون اور انٹرنیٹ تک بڑھتی رسائی نہ صرف ڈیجیٹل آگاہی میں اضافے کا باعث بن رہی ہے بلکہ تعلیم، روزگار اور معلومات تک عوام کی رسائی کو بھی بہتر بنا رہی ہے۔