مغربی افریقا کے ملک گیمبیا کے ساحل کے قریب تقریباً 200 تارکینِ وطن کو یورپ لے جانے والی کشتی ڈوب گئی جس کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ درجنوں لاپتا ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق حادثہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب شمالی ساحلی علاقے میں جینک گاؤں کے قریب پیش آیا جہاں کشتی اچانک الٹ گئی۔ کشتی میں سوار بیشتر افراد یورپ پہنچنے کی کوشش کر رہے تھے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی انتظامیہ نے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کیا، جس کے دوران 96 تارکینِ وطن کو زندہ بچا لیا گیا۔ تاہم درجنوں افراد تاحال لاپتا ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔حکام کے مطابق ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں۔