ضلع ٹانک: بم دھماکا، 5 اہلکار جاں بحق، اورکزئی میں امن لشکر پر دہشتگردوں کا حملہ

image

خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں تھانہ گومل بازار کی بکتر بند گاڑی کو ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنادیا گیا، دھماکے کے نتیجے میں ایڈیشنل ایس ایچ او سمیت 5 اہلکار جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق بکتر بند گاڑی تھانہ گومل سے ٹانک آرہی تھی کہ گومل بازار روڈ پر ریموٹ کنٹرول دھماکا ہوگیا۔

دھماکے سے بکتر بند گاڑی تباہ ہوگئی جبکہ 5 پولیس اہل کار جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں تھانہ گومل کے ایڈیشنل ایس ایچ او اسحاق خان بھی شامل ہیں۔

میتوں کو 1122 کے ذریعے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال ٹانک منتقل کردیا گیا ہے۔

ڈی پی او ٹانک شبیر خان نے بتایا کہ پولیس اہلکار معمول کی ڈیوٹی پر وادی گومل سے شہر واپس آ رہے تھے کہ راستے میں نصب آئی ای ڈی دھماکے سے نشانہ بنادیا گیا۔

ان کے مطابق دھماکے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے جبکہ شواہد اکٹھے کرنے کے لیے بم ڈسپوزل اور فرانزک ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں۔

واقعے کے بعد ضلعی ہیڈکوارٹر اسپتال ٹانک میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی، جہاں زخمی اور لاشیں منتقل کی گئیں۔

اسپتال ذرائع کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کی حالت تشویشناک ہے۔

قبل ازیں اورکزئی میں امن لشکر پر دہشت گردوں کے حملے میں 2 افراد جاں بحق، 3 زخمی ہوگئے، جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد بھی مارے گئے ہیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق اورکزئی کے علاقے یخ کنڈاؤ میں امن لشکر پر دہشت گردوں کی جانب سے حملہ کیا گیا۔

ایس ڈی پی او محبوب خان نے امن لشکر پر حملے میں 2 افراد کے جاں بحق اور 3 کے زخمی ہونے کی تصدیق کردی ہے۔

ایس ڈی پی او کا کہنا تھا کہ امن لشکر کی جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد بھی مارے گئے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US