خیبر پختونخوا: پنجاب سے آٹا سپلائی بند، نانبائیوں کی تندور بند کرنے کی دھمکی

image

انجمن نانبائیان ایسوسی ایشن ضلع پشاور نے خبردار کیا ہے کہ اگر پنجاب سے آٹے کی سپلائی پر پابندی نہ ہٹائی گئی یا صوبائی فلور ملز سے مناسب کوٹا فراہم نہ کیا گیا تو نانبائیوں کے پاس دکانیں بند کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں رہے گا۔

پشاور پریس کلب میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے ضلعی صدر خستہ گل، چیئرمین رحیم صافی اور جنرل سیکریٹری حاجی فاروق نے بتایا کہ چار ماہ سے پنجاب سے خیبر پختونخوا میں آٹے کی سپلائی مکمل طور پر بند ہے، جس سے نہ صرف عوام مہنگے داموں آٹا خریدنے پر مجبور ہیں بلکہ نانبائی بھی مسلسل مالی نقصان کا شکار ہیں۔

انہوں نے الزام لگایا کہ آٹے کے ٹرکوں پر فی ٹرک ایک سے ڈیڑھ لاکھ روپے رشوت وصول کرکے انہیں خیبر پختونخوا میں داخل کیا جا رہا ہے، جبکہ ٹرک کرایہ الگ سے ادا کرنا پڑتا ہے، جس کے باعث نانبائیوں کے لیے منافع کم از کم ہوگیا ہے۔

ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے مطالبہ کیا کہ پنجاب سے سپلائی پر پابندی فوری ختم کی جائے اور اگر ضرورت پڑی تو پشاور کے فلور ملز کو آٹا فراہم کیا جائے، سبسڈی دی جائے اور ریٹ مقرر کیا جائے تاکہ کاروبار جاری رکھا جا سکے۔

انہوں نے صوبائی حکومت اور ن لیگ کے رہنماؤں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس اہم مسئلے پر ابھی تک سنجیدگی دکھائی نہیں دی، انہوں نے مطالبہ کیا کہ وہ پنجاب حکومت سے بات کر کے اس مسئلے کا فوری حل نکالیں۔

ایسوسی ایشن نے واضح کیا کہ اگر ان کے جائز مطالبات پر غور نہ کیا گیا تو مجبوراً وہ اپنی دکانیں بند کر دیں گے، جس کی تمام تر ذمہ داری صوبائی حکومت اور (ن) لیگ پر عائد ہوگی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US