پاکستان نے بھارتی نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر اجیت دوول کے حالیہ بیان کو غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز قرار دے دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ اجیت دوول کی جانب سے تاریخ کا بدلہ لینے سے متعلق بیان انتہائی اشتعال انگیز ہے اور اس سے خطے میں کشیدگی بڑھ سکتی ہے۔ ترجمان کے مطابق ایسے بیانات امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ اس قسم کے بیانات اُن عناصر کی سوچ کی عکاسی کرتے ہیں جو نفرت کو ہوا دیتے ہیں اور تاریخ کے جھوٹے بیانیے کو حکمتِ عملی کا متبادل سمجھتے ہیں۔
ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، تاہم اشتعال انگیز بیانات کا بھرپور جواب دیا جاتا رہے گا۔