ایوبیہ میں مرمت کے نام پر 5 سال سے چیئرلفٹ کی بندش کا معاملہ اسمبلی پہنچ گیا

image

خیبر پختونخوا کے ضلع ایبٹ آباد میں واقع معروف سیاحتی مقام ایوبیہ میں چیئرلفٹ گزشتہ پانچ سال سے مرمت کے نام پر بند ہونے کا معاملہ خیبر پختونخوا اسمبلی پہنچ گیا ہے۔

اس صورتحال کے باعث نہ صرف سیاحت متاثر ہو رہی ہے بلکہ صوبائی حکومت کو بھی مالی نقصان کا سامنا ہے۔ خیبر پختونخوا اسمبلی کے اجلاس کے دوران جمعیت علمائے اسلام کی خاتون رکنِ صوبائی اسمبلی ایمن جلیل نے اس اہم عوامی مسئلے پر توجہ دلاؤ نوٹس جمع کروایا۔

توجہ دلاؤ نوٹس میں بتایا گیا کہ ایوبیہ میں چیئرلفٹ گزشتہ پانچ سال سے غیر فعال ہے، جسے مرمت کا جواز بنا کر بند رکھا گیا ہے۔ نوٹس میں کہا گیا کہ اگرچہ بڑی تعداد میں سیاح ایوبیہ کا رخ کر رہے ہیں، تاہم چیئرلفٹ بند ہونے کے باعث سیاحوں کی دلچسپی اور آمد میں نمایاں کمی واقع ہو رہی ہے، جس سے مقامی معیشت اور روزگار پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں۔

ایمن جلیل نے اپنے نوٹس میں اس امر کی نشاندہی بھی کی کہ چیئرلفٹ کی طویل بندش کے باعث صوبائی حکومت کو ٹکٹوں اور سیاحتی سرگرمیوں سے حاصل ہونے والا ریونیو بھی بری طرح متاثر ہو رہا ہے، جو حکومتی غفلت کا واضح ثبوت ہے۔

توجہ دلاؤ نوٹس میں صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ مرمت کے نام پر پانچ سال سے بند چیئرلفٹ کو فوری طور پر فعال کیا جائے تاکہ سیاحوں کو سہولیات فراہم کی جا سکیں اور صوبے کو سیاحت کے شعبے سے دوبارہ خاطر خواہ آمدن حاصل ہو۔

واضح رہے کہ ایوبیہ خیبر پختونخوا کے اہم سیاحتی مقامات میں شمار ہوتا ہے، جہاں ہر سال ملک بھر سے بڑی تعداد میں سیاح تفریح کے لیے آتے ہیں، تاہم بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی سیاحت کے فروغ میں بڑی رکاوٹ بن رہی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US