پی ٹی وی نے کرکٹ کی تاریخ میں نیا باب رقم کر دیا، 232 سال پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا

image

پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) کی ٹیم نے ڈومیسٹک کرکٹ میں تاریخ رقم کرتے ہوئے 232 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ کراچی میں جاری ٹرافی کے ایک راؤنڈ میچ میں پی ٹی وی نے سوئی نادرن گیس کے خلاف محض 40 رنز کے ہدف کا کامیابی سے دفاع کرتے ہوئے حریف ٹیم کو 37 رنز پر آؤٹ کر دیا اور دو رنز سے سنسنی خیز فتح حاصل کی۔

اس سے قبل کرکٹ کی تاریخ میں سب سے کم اسکور کا کامیاب دفاع 1794 میں ریکارڈ ہوا تھا، جب اولڈ فیلڈ کی ٹیم نے لارڈز کے میدان میں ایم سی سی کے خلاف 41 رنز کا ہدف دفاع کرتے ہوئے چھ رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔

میچ میں پی ٹی وی کے لیفٹ آرم اسپنر علی عثمان نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 9 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں۔ علی عثمان اس سے قبل قائداعظم ٹرافی کے موجودہ ڈومیسٹک سیزن میں بھی سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر رہ چکے ہیں۔

میچ کا احوال یہ رہا کہ پی ٹی وی نے پہلی اننگز میں 166 رنز بنائے، جس کے جواب میں سوئی نادرن گیس نے 238 رنز اسکور کر کے 72 رنز کی برتری حاصل کی۔ پی ٹی وی کی دوسری اننگز 111 رنز پر سمٹ گئی اور سوئی نادرن گیس کو جیت کے لیے محض 40 رنز کا ہدف ملا، تاہم پی ٹی وی کے بولرز نے غیر معمولی کارکردگی دکھاتے ہوئے کرکٹ کی تاریخ کا ایک یادگار باب رقم کر دیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US