آل پاکستان نیشنل مینز اسکواش چیمپئن شپ کا آغاز پشاور اسپورٹس کمپلیکس کے قمر زمان اسکواش کورٹ میں ہو گیا ہے، جس میں ملک بھر سے 90 سے زائد باصلاحیت نوجوان اسکواش کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔
چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی سیکرٹری اسپورٹس خیبرپختونخوا محمد آصف خان تھے۔ اس موقع پر سابق عالمی چیمپئن قمر زمان، لیجنڈ محب اللہ خان، صوبائی سکواش ایسوسی ایشن کے فنانس سیکرٹری وزیر محمد، ایسوسی ایٹ سیکرٹری سجاد خلیل، سینئر کوچ اور چیف آرگنائزر منور زمان اور کوچ طاہر اقبال سمیت دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری اسپورٹس محمد آصف خان نے کہا کہ اس طرح کے مقابلے نوجوان کھلاڑیوں کے ٹیلنٹ کو نکھارنے اور کھیل کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر منتظمین اور کھلاڑیوں کی کاوشوں کو سراہا۔
پہلے روز کے میچز میں پی اے ایف کے محمد علی خان، پاک آرمی کے فہیم احمد، خیبر پختونخوا کے محمد فواد خان، پنجاب کے نواز خان نے اپنے میچز جیت لیے۔ اسی طرح خیبرپختونخوا کے انتخاب عالم، تنویر قمر، واد حسین، کامران حسین، خوشحال ریاض خان، عبید اللہ، فہد شریف، نعمان شاہد اور شہزاد، آرمی کے نعمان خان، پنجاب کے سلمان سلیم اور واپڈا کے عبداللہ نواز نے بھی اپنے میچز میں کامیابی حاصل کی۔