پاکستان کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے اس بات کو من گھڑت قرار دیا ہے کہ وہ آسٹریلیا میں ہونے والے بگ بیش سے واپس آرہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر یہ خبر گردش کر رہی ہے کہ رضوان اس بات پہ ناراض ہوگئے کہ ان کو بیٹنگ کے دوران ان کے کپتان ول سدرلینڈ نے واپس بلا لیا۔ مگر رضوان نے یہ چیز واضح کردی کہ ان کو کوئی ناراضگی نہیں اور وہ پورا بگ بیش کھیل کر ہی آئیں گے۔ ان کا ماننا ہے کہ ٹیم کا کپتان امیر ہوتا ہے اور یہ ان کا فرض ہے کہ وہ امیر کی بات مانیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بعد میں ان کی کپتان اور کوچ دونوں سے بات ہوئی تھی اور میچ کے حالات کی وجہ سے یہ فیصلہ کیا گیا کہ ان کو بیٹنگ سے واپس بلایا جائے۔
رضوان کے چاہنے والوں کا اس واقعے کے بعد شدید رد عمل سامنے آیا اور یہ یہ خبر بھی آئی کہ ول سدرلینڈ نے رضوان سے اپنے فیصلے پر معافی مانگی ہے لیکن پاکستانی بیٹسمین نے اس کا کوئی ذکر نہیں کیا۔
یاد رہے کہ محمد رضوان میلبرن رینیگیڈز کی طرف سے بگ بیش میں کھیل رہے ہیں لیکن اب تک چھ میچز میں ان کو کوئی خاطرخواہ کامیابی حاصل نہیں ہوئی ہے۔