لاہور میں شدید دھند اور کہر کی وجہ سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اس بات پر غور کر رہا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف ہونے والی ٹی ٹونٹی سیریز کے میچز وقت سے پہلے شروع کیے جائیں۔
ابتدائی اعلان کے مطابق میچز 29 اور 31 جنوری اور 1 فروری کو شام 6 بجے شروع ہوں گے اور ٹاس ساڑھے 5 بجے ہونا تھا لیکن پی سی بی ذرائع کے مطابق موسم کی وجہ سے میچز کو شام 4 بجے شروع کرنے پر غور کیا جا رہا ہے، جس میں ٹاس ساڑھے 3 بجے ہوگا۔
ذرائع نے بتایا کہ صوبہ پنجاب میں جنوری کے مہینے میں سردی کے ساتھ دھند اور کہر کی شدت بڑھ جاتی ہے جس کی وجہ سے اگر میچ شام 6 بجے شروع کیے گئے تو ممکن ہے کہ وہ مکمل نہ ہو پائیں۔
آسٹریلیا کی ٹیم 28 جنوری کو لاہور پہنچے گی اور اگلے ہی دن پہلا میچ کھیلنے کا امکان ہے۔ سیکیورٹی ٹیم پہلے ہی لاہور کا دورہ کر چکی ہے اور انہوں نے ہوٹل اور گراؤنڈ کے درمیان ٹیم کی حفاظت کے انتظامات کی تفصیلات حاصل کر کے اپنی فیڈ بیک دی ہے۔