نیوزی لینڈ نے تیسرے اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل میں بھارت کو 40 رنز سے شکست دے کر تاریخ رقم کر دی اور پہلی بار بھارت کی سرزمین پر ون ڈے سیریز اپنے نام کر لی۔
اتوار کو اندور میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 337 رنز بنائے، جس کے جواب میں بھارتی ٹیم وراٹ کوہلی کی شاندار سنچری کے باوجود ہدف حاصل نہ کر سکی اور 297 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔
بھارت کی جانب سے ورات کوہلی نے 108 گیندوں پر 124 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، جس میں 3 چھکے اور 11 چوکے شامل تھے۔ کوہلی نے نتیش کمار اور ہرشیت رانا کے ساتھ اہم شراکتیں قائم کیں، تاہم آٹھ وکٹیں گرنے کے بعد وہ 47ویں اوور میں آؤٹ ہو گئے۔ نتیش کمار اور ہرشیت رانا نے بھی نصف سنچریاں اسکور کیں۔
نیوزی لینڈ کی اننگز میں ڈیرل مچل اور گلین فلپس نے چوتھی وکٹ پر 212 رنز کی شاندار پارٹنرشپ قائم کی۔ ڈیرل مچل نے سیریز کی اپنی دوسری سنچری مکمل کی، جبکہ فلپس نے بھی سنچری اسکور کی۔ میچ میں مجموعی طور پر تین سنچریاں بنیں۔ورات کوہلی نے اس میچ میں اپنی 54ویں ون ڈے سنچری مکمل کی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کی قیادت میں بھارت نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا سے بھی ہوم ٹیسٹ سیریز ہار چکے جس کے بعد انہیں عہدے سے ہٹانے کے مطالبات زور پکڑ رہے ہیں۔