اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے 9 مختلف آپریشنز میں 3 خواتین سمیت 9 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ کارروائیوں کے دوران 86 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی مجموعی طور پر 91.46 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی۔
راولپنڈی میں کوریئر آفس پر کارروائی کے دوران کینیڈا جانے والے ایک پارسل سے واسکٹ میں چھپائی گئی 873 گرام افیون برآمد ہوئی، جبکہ ایک اور پارسل سے 66 گرام وزنی 188 ایکسٹیسی گولیاں اور برطانیہ سے آنے والے پارسل سے 76 گرام وزنی 2 کینابس آئل ویپس برآمد ہوئیں۔
اسلام آباد کے قریب موٹر وے ٹول پلازہ پر گاڑی کی تلاشی کے دوران 7 کلوگرام آئس اور 2.4 کلوگرام چرس برآمد ہوئی، اس کارروائی میں 3 خواتین سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
کراچی کے سہراب گوٹھ میں ملزم کے قبضے سے 4.8 کلوگرام چرس اور دلدار عمرانی گوٹھ میں 2 ٹریکٹروں میں چھپائی گئی 72 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔ اسلام آباد کے سنگجانی ٹول پلازہ پر 3.6 کلوگرام چرس جبکہ ماڈل ٹاؤن کے قریب 395 گرام وزنی 500 سائیکوٹراپک گولیاں برآمد ہوئیں۔ جہلم کے قریب ترکئی ٹول پلازہ پر بھی 250 گرام چرس برآمد کر کے ایک ملزم گرفتار کیا گیا۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق تمام گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر دیے گئے ہیں اور منشیات اسمگلنگ کے نیٹ ورک کو بے نقاب کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔