انڈر 19 آئی سی سی ورلڈ کپ کے دوران بنگلادیش کے قائم مقام کپتان جواد ابرار کے بھارتی کپتان آیوش مہاترے سے ٹاس کے موقع پر ہاتھ نہ ملانے کے واقعے پر بنگلادیش کرکٹ بورڈ (BCB) نے وضاحت جاری کردی۔
بی سی بی کے بیان کے مطابق، یہ واقعہ کسی دانستہ رویے یا بدنیتی کا نتیجہ نہیں تھا بلکہ جواد ابرار کی غیر ارادی غلطی تھی۔ بیان میں کہا گیا کہ اس لمحے ابرار کی توجہ کہیں اور تھی، جس کی وجہ سے ہاتھ نہ ملانے کی صورتحال پیدا ہوئی۔ مزید بتایا گیا کہ بنگلادیش کے مستقل کپتان عزیزالحکیم طبیعت ناساز ہونے کے سبب میچ میں شریک نہیں ہو سکے تھے۔
بورڈ نے زور دیا کہ ٹاس کے موقع پر ایک دوسرے سے ہاتھ ملانا کھلاڑیوں کی ذمہ داری ہے اور وہ کھیل کی روح اور اسپورٹس مین اسپرٹ پر مکمل یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے اس تاثر کو بھی رد کیا کہ واقعے کے پیچھے کسی قسم کی سیاسی کشیدگی یا احتجاج تھا۔
واضح رہے کہ انڈر 19 ورلڈ کپ میں بھارت اور بنگلادیش کی ٹیمیں آمنے سامنے آئیں، اور ہاتھ نہ ملانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئی، جس کے بعد قیاس آرائیاں شروع ہو گئیں۔
دوسری جانب، لیفٹ آرم فاسٹ بولر مستفیض الرحمٰن کو آئی پی ایل سے نکالے جانے کے معاملے پر بھارت اور بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے درمیان کشیدگی بدستور موجود ہے، اور بعض حلقے اس ٹاس کے واقعے کو اسی تناظر سے جوڑ کر دیکھ رہے ہیں۔