پاکستان اور چین کے درمیان زرعی تجارت اور معاشی تعاون کو فروغ دینے کے لیے وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور چین کے سفیر جیانگ زائی دونگ کے درمیان پاکستان۔چین ایگریکلچر انویسٹمنٹ کانفرنس کے موقع پر ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں پاکستان کے سیکریٹری تجارت، ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP) کے چیف ایگزیکٹو اور وزارت خارجہ کے سینئر حکام نے بھی شرکت کی۔
وفاقی وزیر تجارت نے چینی سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان برآمدات کے فروغ کے لیے حکومتی سطح (G2G) اور کاروباری سطح (B2B) دونوں ذرائع کو مؤثر بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔
ملاقات میں زرعی مصنوعات کی دو طرفہ تجارت بڑھانے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک نے موجودہ تجارتی صورتحال کا جائزہ لیا اور مستقبل میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔
چینی سفیر نے زرعی تجارت کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے چین کے درآمدی ضوابط سے متعلق آگاہ کیا۔ دونوں فریقین نے رابطے اور مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جو پاکستان اور چین کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کی مضبوطی کی عکاس ہے۔