انتونیو گوتریس کی مشرقی بیت المقدس میں اقوامِ متحدہ کی عمارت کو مسمار کرنے کی مذمت

image

اقوامِ متحدہ کے سیکرٹر ی جنرل انتونیو گوتریس نے مشرقی بیت المقدس میں اقوامِ متحدہ کے ایک کمپاؤنڈ کو مسمار کیے جانے پر اسرائیل کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

اقوامِ متحدہ کے نائب ترجمان نے کہا کہ سیکرٹر ی جنرل نے فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوامِ متحدہ کے ادارے (انروا) کے شیخ جراح کمپانڈ کی مسماری کو اسرائیلی حکام کی جانب سے ناقابلِ قبول اقدام قرار دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ مقام اقوامِ متحدہ کی ملکیت ہے اور کسی بھی قسم کی مداخلت یا کارروائی سے مکمل طور پر محفوظ اور ناقابلِ دست اندازی ہے۔

فرحان حق کے مطابق انتونیو گوتریش اس موقف کا اظہار متعدد مواقع پر کر چکے ہیں، جن میں 8 جنوری 2026 کو اسرائیلی وزیراعظم کو لکھا گیا خط بھی شامل ہے جس میں انہوں نے واضح طور پر کہا تھا کہ شیخ جراح کمپاؤنڈ بدستور اقوامِ متحدہ کا احاطہ ہے اور اسے بین الاقوامی تحفظ حاصل ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ سیکرٹر ی جنرل نے اسرائیلی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ فوری طور پر مسماری کا عمل بند کرے اور بغیر کسی تاخیر کے مذکورہ کمپاؤنڈ سمیت انروا کی دیگر عمارتیں اقوامِ متحدہ کو واپس کرے اور ان کی بحالی کو یقینی بنائے۔

اقوامِ متحدہ کے سربراہ نے انروا کے خلاف جاری اشتعال انگیز اقدامات کو بھی مکمل طور پر ناقابلِ قبول قرار دیا اور کہا کہ یہ اقدامات بین الاقوامی قانون کے تحت اسرائیل کی واضح ذمہ داریوں، بشمول اقوامِ متحدہ کے چارٹر اور اقوامِ متحدہ کی مراعات و استثنی سے متعلق کنونشن سے متصادم ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US