کراچی میں ٹھنڈی ہواؤں سے موسم سرد، کے پی، بلوچستان میں بارش، برفباری کا امکان

image

کراچی میں ٹھنڈی ہواؤں سے موسم سرد اور خشک ہوگیا، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ حالیہ سردی کی لہر جنوری کے اختتام تک جاری رہے گی۔

محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ دن بھر آج بھی موسم سرد، خشک رہنے کے ساتھ وقفے وقفے سے تیز ہوائیں چل سکتی ہیں، آج صبح کم سے کم درجہ حرارت 8.5 ڈگری ریکارڈ ہوا، آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 20 سے 22 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا جاسکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں فی الحال بارش کا کوئی امکان نہیں، آج ہوا میں نمی کا تناسب اس وقت 48 فیصد ہے، جبکہ شمال مشرق سے 20 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

ملک بھر میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی، این ڈی ایم اے الرٹ

دوسری جانب ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک ہے، تاہم محکمہ موسمیات نے آج شام مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ بلوچستان میں داخل ہونے کی پیشگوئی کردی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات سے بلوچستان جبکہ اگلے دو روز کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ رپورٹ کے مطابق پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا میں بھی آئندہ دو دن کے دوران بارشوں اور پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔

این ڈی ایم اے نے ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ اداروں کو پیشگی تیاری کی ہدایت جاری کردی ہے۔ دوسری جانب خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں آج سے بارشوں اور برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں آج سے شدید بارشوں اور برفباری کے نیا سلسلہ شروع ہوسکتا ہے، جو 27 جنوری تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ رپورٹ کے مطابق مغربی ہواؤں کا طاقتور سلسلہ دونوں صوبوں کو متاثر کرے گا۔

خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں چترال، دیر، سوات، شانگلہ اور کوہستان میں شدید بارش اور برفباری متوقع ہے، جبکہ ہری پور، پشاور، مردان، نوشہرہ اور کوہاٹ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

ناران، کاغان، کالام اور چترال میں شدید برفباری کے باعث سڑکوں کے بند ہونے اور پھسلن کا خدشہ ہے۔ حکام نے بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کے خطرے سے بھی خبردار کیا ہے۔

ادھر بلوچستان میں بھی موسم کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔ کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ سیف اللہ اور قلعہ عبداللہ میں مزید برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گوادر، خضدار، آواران، چاغی، پنجگور اور کیچ میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش متوقع ہے، جبکہ قلات، سوراب، ژوب، خاران، مستونگ، واشک، نوشکی اور موسیٰ خیل میں بھی بارش کا امکان ہے۔

حکام نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US