وزیرِ اعظم پاکستان کی خصوصی ہدایت پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے فلسطین کے عوام کے لیے 28واں انسانی ہمدردی کا قافلہ روانہ کر دیا۔
قافلے میں 100 ٹن خیمے شامل ہیں جو الخدمت فاؤنڈیشن کی معاونت سے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے مصر کے شہر الارش بھیجے گئے، جہاں سے یہ امداد غزہ پہنچائی جائے گی۔
این ڈی ایم اے کے مطابق اب تک فلسطین کے لیے 28 قافلوں کے ذریعے بھیجی گئی امداد کی کل مقدار 2,727 ٹن تک پہنچ گئی ہے۔ قافلہ روانہ کرنے کی تقریب میں پنجاب کے وزیر ہاؤسنگ و ایم پی اے میاں بلال یاسین نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔ اس موقع پر این ڈی ایم اے، وزارت خارجہ کے سینئر اہلکار، دیگر حکومتی محکموں کے نمائندگان اور الخدمت فاؤنڈیشن کے عہدیدار بھی موجود تھے۔
حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام مشکل وقت میں فلسطین کے عوام کے شانہ بشانہ ہیں اور ان کی انسانی ضروریات پوری کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھیں گے۔