قرآن پاک تقسیم کرنے کے عمل نے 7 برس میں نوجوان کی زندگی ہی بدل دی

image

رمضان المبارک کی آمد کے موقع پر ایک بار پھر قرآن پاک کی خوشبوؤں سے مہکنے والی وہ خوبصورت روایت تازہ ہوگئی ہے جو آج سے سات سال قبل شروع کی گئی تھی۔

اس منفرد اور بابرکت سلسلے کا آغاز نوجوان سماجی کارکن علی بلوچ نے کیا، جنہوں نے قرآن پاک کی تقسیم کی ایک تحریک کا آغاز کیا۔

علی بلوچ کے مطابق انہوں نے یہ سفر انتہائی سادہ حالات میں شروع کیا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ جب انہوں نے قرآن پاک تقسیم کرنے کا سلسلہ شروع کیا تو اس وقت ان کے پاس کچھ بھی نہیں تھا، مگر اللہ سبحانہ تعالیٰ کی رضا کی خاطر کیے گئے اس کام کے بعد ان کی زندگی یکسر بدل گئی۔

گزشتہ سات برس سے وہ اپنے رفقاء کے ہمراہ ہر سال قرآن پاک تقسیم کرتے ہیں۔ اس موقع پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا جاتا ہے جس میں تلاوتِ قرآن پاک اور نعت خوانی کی محفل سجائی جاتی ہے، جبکہ حفاظِ کرام کی دستاربندی بھی کی جاتی ہے۔ یہ پروگرام نہ صرف روحانی فضا قائم کرتا ہے بلکہ نوجوان نسل کو دینِ اسلام سے جوڑنے کا ذریعہ بھی بنتا جا رہا ہے۔

علی بلوچ کا کہنا ہے کہ قرآن پاک کی خدمت کے بعد اللہ تعالیٰ نے ان پر خاص کرم فرمایا۔ انہیں عمرہ کی سعادت نصیب ہوئی، کاروبار میں برکت ملی، گھر اور اولاد جیسی نعمتوں سے نوازا گیا اور وہ مالی طور پر بھی مستحکم ہو گئے۔

انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ حقیقی سکون اللہ تعالیٰ کے ذکر اور اس کی پاک کلام میں ہے۔ دنیا کی کوئی بھی چیز وہ اطمینان نہیں دے سکتی جو قرآن پاک کو پڑھنے اور سمجھنے سے حاصل ہوتا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ محبتیں بانٹیں، خلقِ خدا کو خوش رکھیں اور بڑھ چڑھ کر فلاحی و ویلفیئر کاموں میں حصہ لیں۔

ان کا کہنا تھا کہ قرآن پاک کو صرف پڑھنا ہی نہیں بلکہ سمجھ کر پڑھنا ضروری ہے، کیونکہ اسی میں ہماری کامیابی پوشیدہ ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US