راولپنڈی: ڈھیری حسن آباد میں دارالسکون اولڈ ہوم انسانیت کی خدمت کی مثال بن گیا

image

راولپنڈی کے علاقے ڈھیری حسن آباد میں قائم دارالسکون اولڈ ہوم انسانیت کی خدمت کی ایک روشن مثال بن چکا ہے، جہاں اس وقت آٹھ سے زائد بزرگ رہائش پذیر ہیں۔ ان بزرگوں کے شب و روز عبادت، دعا اور سکون کے ماحول میں گزر رہے ہیں۔

اولڈ ہوم میں مقیم بزرگوں سے گفتگو کے دوران ان کی زندگی کی درد بھری کہانیاں بھی سامنے آئیں۔ ایک بزرگ نے بتایا کہ ایک حادثے میں ان کی اہلیہ اور تینوں بچے جاں بحق ہوگئے تھے۔ اس کے بعد ان کے قریبی رشتہ داروں نے ان کے کاروبار پر قبضہ کر لیا اور انہیں بے یار و مددگار چھوڑ دیا۔ بعد ازاں ایک شخص انہیں اس اولڈ ہوم میں چھوڑ گیا جہاں اب انہیں سہارا ملا ہے۔

دارالسکون اولڈ ہوم کی سرپرستی حاضر سروس کرنل مجاہد کر رہے ہیں جبکہ ان کی اہلیہ اور بیٹی بھی اس فلاحی کام میں ان کا بھرپور ساتھ دے رہی ہیں۔ خاص بات یہ ہے کہ کرنل مجاہد اس ادارے کے لیے کسی سے چندہ یا فنڈ نہیں لیتے بلکہ اپنی ذاتی تنخواہ سے اس اولڈ ہوم کے تمام اخراجات پورے کرتے ہیں۔

اولڈ ہوم میں بزرگوں کی خدمت کے لیے دو ملازمین بھی رکھے گئے ہیں، جن میں سے ایک کھانا تیار کرتا ہے جبکہ دوسرا صفائی ستھرائی کا خیال رکھتا ہے۔ بزرگوں کے لیے ہفتے کے ساتوں دن کا باقاعدہ مینو ترتیب دیا گیا ہے اور انہیں معیاری کھانا فراہم کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ رہائش کے کمروں میں ایل ای ڈی، عبادت کے لیے مناسب انتظام اور طبی سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں۔ کسی بھی بزرگ کی طبیعت خراب ہونے کی صورت میں فوری طور پر ڈاکٹر سے معائنہ کروایا جاتا ہے۔

یہاں ایک اہم بات یہ بھی سامنے آئی کہ پاکستان کے لیجنڈ کرکٹر میاں فیاض بھی کچھ عرصہ اسی اولڈ ہوم میں مقیم رہے۔ تقریباً چار ہفتے قبل ان کا انتقال ہوگیا تھا اور ان کا جسد خاکی یہاں سے لاہور ان کے لواحقین کے پاس بھجوا دیا گیا تھا۔

اولڈ ہوم میں رہنے والے بزرگوں کا کہنا ہے کہ یہاں وہ اپنے گھروں سے بھی زیادہ عزت اور سکون محسوس کرتے ہیں۔ ان کے مطابق کچھ لوگ مجبوری کے تحت یہاں آتے ہیں لیکن بعض اوقات ایسے واقعات بھی ہوتے ہیں کہ اولاد جان بوجھ کر اپنے بزرگوں کو اولڈ ہوم میں چھوڑ جاتی ہے، جو انتہائی افسوسناک بات ہے۔

بزرگوں نے عوام سے اپیل کی کہ اگر کسی کے والدین یا بزرگ حیات ہیں تو انہیں کبھی تنہا نہ چھوڑیں بلکہ ان کی خدمت کو اپنا فرض سمجھیں۔

دارالسکون اولڈ ہوم میں مقیم تمام بزرگ کرنل مجاہد اور ان کی فیملی کے لیے دعاگو ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ ایسے لوگ ہی معاشرے میں انسانیت کی خدمت کی حقیقی مثال بنتے ہیں۔

انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ کرنل مجاہد اور ان کے خاندان کو اس خدمتِ خلق کا بہترین اجر عطا فرمائے اور مزید لوگوں کو بھی انسانیت کی خدمت کی توفیق دے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US