ایرانی میڈیا کے مطابق شہید علی لاریجانی کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی ہے، جبکہ شہید کمانڈر غلام رضا سلیمانی کی نمازِ جنازہ بھی مکمل عقیدت و احترام کے ساتھ ادا کی گئی۔
نمازِ جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی، جہاں فضا سوگوار ہونے کے ساتھ ساتھ جذبات سے بھی لبریز رہی۔
شرکاء نے ایران کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے اور "اللہ اکبر" کے نعرے لگا کر شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ان کے مشن کو ہر صورت جاری رکھا جائے گا۔
ٹرمپ ہمارے سرپرائز کا انتظار کریں، جنرل علی عبدالحی
قبل ازیں ایران کے خاتم الانبیاء ہیڈ کوارٹر کے جنرل علی عبدالحی کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ہمارے سرپرائز کا انتظار کریں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق علی عبدالحی نے کہا ہے کہ ہمارا ردِعمل غیر معمولی ہو گا۔
واضح رہے کہ اسرائیلی حملے میں ایران کے سینئر سیکیورٹی عہدیدار علی لاریجانی، اِن کے بیٹے مرتضیٰ لاریجانی اور ایک معاون شہید ہو گئے۔
علی لاریجانی کو مشرقی تہران میں اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ اپنی بیٹی سے ملنے گئے ہوئے تھے۔
ان کی شہادت کا اعلان سوشل میڈیا ایکس پر بھی کر دیا گیا ہے، بیان میں لکھا گیا ہے کہ ’خدا کا ایک بندہ، خدا سے جا ملا۔‘
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل کی جانب سے ایران پر کیے گئے ایک الگ حملے میں بسیج ملیشیا کے سربراہ غلام رضا سلیمانی بھی شہید ہو گئے۔