ایرانی سپریم لیڈر نے کہا ہے کہ دشمن ہر روز دھمکیاں دے رہا ہے اور تباہی کی وارننگز جاری کر رہا ہے، تاہم قتل، حملے اور جرائم ایران کی مسلح افواج کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔
ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکا اور اسرائیل کو ایران میں مسلسل ناکامیوں اور شکستوں کا سامنا کرنا پڑا ہے، اسی لیے دشمن اب شہری مقامات کو نشانہ بنا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دشمن کی جانب سے پلوں، پاور پلانٹس، اسکولوں اور دیگر شہری تنصیبات پر حملے انسانیت کے خلاف جرائم ہیں۔
سپریم لیڈر کا کہنا تھا کہ ایران کی مسلح افواج دشمن کے خلاف اپنی لڑائی جاری رکھیں گی اور قومی دفاع میں کسی قسم کی کمزوری نہیں آئے گی۔
دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بھی سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی قیادت کو نشانہ بنانے یا قتل کی دھمکیاں ملک کے دفاع کے لیے ایران کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتیں۔
عباس عراقچی نے کہا کہ ایران کی مزاحمت پہلے سے زیادہ مضبوط ہوگی اور ملک اپنی خودمختاری، سلامتی اور دفاع کے لیے ہر سطح پر کھڑا رہے گا۔
ایرانی قیادت کے ان بیانات کو خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے، جہاں ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان لفظی اور عسکری تناؤ میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔