1973 کا آئین قومی وحدت، جمہوریت و بنیادی حقوق کا دائمی عہد ہے، بلاول بھٹو زرداری

image

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یومِ دستور کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ 1973 کا آئین پاکستان کی تاریخ میں ایک سنگِ میل اور قومی وحدت، جمہوریت و بنیادی حقوق کا دائمی عہد ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس دستور نے ملک کو جمہوری روح، وفاقی توازن اور اتفاقِ رائے پر مبنی اجتماعی شناخت عطا کی ہے اور مشکل حالات ہوں یا ترقی کے مواقع، آئین ہمیشہ ہماری رہنمائی کرتا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے قوم کو متفقہ آئین کا تحفہ دینے پر قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی مدبرانہ قیادت اور سیاسی بصیرت نے مختلف آوازوں کو یکجا کر کے یہ عظیم کارنامہ انجام دیا جو آج بھی قومی جمہوری سفر کی بنیاد ہے۔

اپنے پیغام میں انہوں نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ بی بی شہید کی آئین کی بحالی کے لیے جرات مندانہ جدوجہد نے آمریت کے تاریک ادوار میں جمہوریت کی شمع روشن رکھی۔

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ صدر آصف علی زرداری کے دور میں ہونے والی تاریخی 18 ویں آئینی ترمیم نے پارلیمانی بالادستی اور آئینی توازن کو بحال کیا۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پیپلز پارٹی 1973 کے آئین کی بالادستی اور تقدس کے لیے کھڑی ہے اور موجودہ حالات میں آئین پر مکمل عملدرآمد ہی انصاف، مساوات اور صوبائی ہم آہنگی کی ضمانت ہے۔

انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ آج کے دن یہ عہد کریں کہ آئین پر من و عن عمل کرتے ہوئے جمہوریت کا دفاع کریں گے اور ایک مضبوط و منصفانہ پاکستان کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US