آبنائے ہرمز سے گزرنے والے ہر جہاز سے ٹول دینا ہوگا، ایران

image

ایران نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تمام بحری جہازوں کے لیے ایک نیا کنٹرول نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت ہر گزرنے والے جہاز کو ٹول ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔

ایرانی پارلیمانی نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سربراہ ابراہیم عزیزی کے مطابق، حکومت قومی مفادات کے تحفظ کے لیے اس تزویراتی گزرگاہ پر مکمل انتظامی کنٹرول قائم کرے گی کیونکہ امریکا پر مزید اعتماد نہیں کیا جا سکتا۔

یہ اقدام عالمی تجارتی راہداریوں پر ایرانی اثر و رسوخ کو مزید مستحکم کرنے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے جس سے خطے کی سمندری صورتحال میں اہم تبدیلیاں متوقع ہیں۔

دوسری جانب، ایرانی نائب وزیر تیل محمد صادق عظیمفر نے تصدیق کی ہے کہ امریکا اور اسرائیل کے حالیہ حملوں کے نتیجے میں متاثر ہونے والی آئل ریفائننگ کی صلاحیت کو دوبارہ فعال کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام جاری ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ لاوان ریفائنری کا ایک حصہ آئندہ 10 روز میں کام شروع کر دے گا، جبکہ اگلے دو ماہ کے اندر ملک کی تباہ شدہ ریفائننگ صلاحیت کو 70 سے 80 فیصد تک بحال کر لیا جائے گا۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ توانائی کی تنصیبات کی جلد بحالی ملکی معیشت کے استحکام اور عالمی منڈی میں سپلائی برقرار رکھنے کے لیے ناگزیر ہے، جس کے لیے تمام تر تکنیکی وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US