وی لاگنگ چھوڑنے کے بعد اسد اور نمرہ کی پہلی جھلک

image

سوشل میڈیا پر 2020 میں کم عمری میں شادی کرکے وائرل ہونے والے نمرہ اور اسد ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئے ہیں، لیکن اس بار وجہ ان کی فیملی ولاگز نہیں بلکہ ان کا نیا انداز اور نیا سفر ہے۔ دونوں کئی برس بعد پہلی مرتبہ ایک ساتھ منظرِ عام پر آئے تو مداحوں کی توجہ صرف ان کے بزنس پر نہیں بلکہ نمرہ کے مکمل حجاب پر بھی مرکوز ہوگئی۔

نمرہ اور اسد نے اپنی شادی کے فوراً بعد سوشل میڈیا پر غیرمعمولی مقبولیت حاصل کی تھی۔ دونوں کلاس فیلو تھے اور صرف 18 برس کی عمر میں شادی کے بعد ان کی تصاویر انٹرنیٹ پر وائرل ہوگئی تھیں۔ کم عمری میں شادی کرنے پر بہت سے لوگوں نے انہیں سراہا جبکہ کئی افراد ان کی سادگی اور مضبوط رشتے کی مثالیں بھی دیتے رہے۔ بعد ازاں 2022 میں یہ جوڑا والدین بنا اور پھر جنوری 2024 میں انہوں نے اچانک فیملی وی لاگنگ چھوڑنے کا اعلان کردیا تھا۔

اگرچہ اس کے بعد دونوں نے اپنی نجی زندگی کو میڈیا سے کافی حد تک دور رکھا، تاہم اسد کبھی کبھار اپنے کاروبار، بطور نوجوان والد اپنی زندگی اور کامیاب انٹرپرینیور بننے کے سفر سے متعلق اپ ڈیٹس شیئر کرتے رہے۔ اب کافی عرصے بعد دونوں ایک ساتھ ایک ویڈیو میں نظر آئے جہاں وہ اپنے اسکن کیئر برانڈ کی تشہیر کر رہے تھے۔

ویڈیو میں اسد اور نمرہ نے کہا کہ انہوں نے فیملی وی لاگنگ چھوڑنے کے بعد ایک ایسا کام شروع کرنے کا فیصلہ کیا جس کا کوئی مقصد ہو۔ ان کے مطابق وہ پاکستان میں معیاری کورین اسکن کیئر مصنوعات کے متبادل نسبتاً کم قیمت میں متعارف کروانا چاہتے ہیں تاکہ لوگ اچھی کوالٹی کی مصنوعات مناسب قیمت پر حاصل کرسکیں۔

تاہم اس تمام ویڈیو میں سب سے زیادہ توجہ نمرہ کے انداز نے حاصل کی۔ نمرہ مکمل برقع اور نقاب میں دکھائی دیں جہاں صرف ان کی آنکھیں نظر آرہی تھیں۔ سوشل میڈیا صارفین نے اس تبدیلی کو نہ صرف سراہا بلکہ اسے مثبت اور باوقار قدم قرار دیا۔ کئی مداحوں نے کہا کہ شہرت کے بعد اکثر لوگ اپنی روایات سے دور ہوجاتے ہیں لیکن نمرہ نے اس کے برعکس راستہ اختیار کیا۔

مداح اب اس جوڑے کے نئے بزنس سفر کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کر رہے ہیں جبکہ بہت سے لوگ اس بات کو بھی سراہا رہے ہیں کہ دونوں نے سوشل میڈیا کی چکاچوند سے ہٹ کر اپنی نجی زندگی کو ترجیح دی اور اب ایک نئے مقصد کے ساتھ سامنے آئے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US