"میں کبھی کبھی اتنا تھک جاتا تھا کہ راستے میں ہی سو جاتا، اور آنکھ کھلتی تو خود کو فٹ پاتھ یا کسی باغ میں پاتا تھا۔ ایک وقت ایسا بھی آیا جب مفت کھانے کے لیے پارٹیوں میں رقص کرنا پڑتا تھا۔"
بالی ووڈ کے معروف اداکار مِتھن چکرورتی نے اپنے فلمی سفر کے ابتدائی دنوں کی ایسی حقیقت بیان کی ہے جس نے ان کی کامیابی کے پیچھے چھپی مشکلات کو ایک بار پھر سامنے لے آیا۔
فرح خان کے یوٹیوب وی لاگ میں گفتگو کرتے ہوئے مِتھن نے بتایا کہ شہرت حاصل کرنے سے پہلے انہیں انتہائی کٹھن حالات سے گزرنا پڑا۔ کبھی رہنے کی جگہ میسر نہ ہوتی اور کبھی تھکن اس قدر حاوی ہوجاتی کہ وہ سڑک، فٹ پاتھ یا باغ میں ہی سو جاتے۔
فرح خان نے مِتھن کے ماضی کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے ماموں کے کے شکلا امیتابھ بچن کے لیے فلمیں لکھا کرتے تھے۔ انہی دنوں مِتھن ان کی پارٹیوں میں رقص کرنے پہنچتے تھے، لیکن اس پرفارمنس کا معاوضہ رقم نہیں بلکہ کھانا ہوتا تھا۔
مِتھن رقص کی فیس نہیں لیتے تھے، کیونکہ اس وقت ان کے لیے رات کا کھانا حاصل کرنا ہی بڑی بات تھی۔ فرح خان کے مطابق عام طور پر لوگ مشکلات کے چند تجربات کو بھی جدوجہد قرار دیتے ہیں، لیکن مِتھن کی زندگی کا وہ دور حقیقی آزمائشوں سے بھرا ہوا تھا۔
ایک جونیئر آرٹسٹ کے طور پر آغاز کرنے والے مِتھن نے بعد میں بھارتی فلم انڈسٹری میں اپنی الگ پہچان بنائی اور سپر اسٹار کا مقام حاصل کیا۔ چار دہائیوں سے زائد پر محیط ان کے کیریئر میں 350 سے زیادہ فلمیں شامل ہیں، جن میں کئی بھارتی زبانوں کی فلمیں شامل ہیں۔
مِتھن کو تین نیشنل فلم ایوارڈز، چار فلم فیئر ایوارڈز اور 2024 میں بھارت کے تیسرے بڑے سول اعزاز پدم بھوشن سے نوازا جا چکا ہے۔ انہیں دادا صاحب پھالکے ایوارڈ بھی دیا گیا ہے۔