رجب بٹ یہاں صرف وی لاگ بنانے کے لیے آئے تھے انہوں نے میری کوئی مالی مدد نہیں کی۔ جے ڈی سی نے بھی کوئی مدد نہیں کی۔ یہاں آکر صرف ویڈیو بنائی گئی اس کے علاوہ میرے لیے کچھ نہیں کیا گیا۔
رجب بٹ حال ہی میں کراچی میں 18 ماہ کی ایزل کی والدہ سے ملاقات کے لیے پہنچے تھے اور انہوں نے بچی کے لیے انصاف کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑے ہونے کا اظہار کیا تھا۔ یہ ملاقات اس وقت سامنے آئی جب رجب بٹ خود بھی ایک پرانے ٹک ٹاک لائیو کلپ میں بچوں سے جنسی زیادتی سے متعلق نامناسب مذاق پر شدید تنقید کا سامنا کر رہے تھے جس پر انہوں نے بعد میں معافی مانگی۔
ملاقات کے بعد سوشل میڈیا پر یہ بحث بھی شروع ہوئی کہ رجب بٹ نے ایزل کے خاندان کی مالی مدد کی ہے یا نہیں۔ اب ایزل کی والدہ کے بیان نے اس معاملے کو ایک بار پھر زیرِ بحث بنا دیا ہے جہاں ان کا کہنا ہے کہ ملاقات کے باوجود انہیں رجب بٹ کی جانب سے کوئی مالی تعاون نہیں ملا۔
دوسری جانب رجب بٹ نے اپنی ویڈیو میں ان الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ انہیں پہلے ہی اندازہ تھا کہ لوگ ان کی ملاقات کو اپنی ساکھ بہتر بنانے کی کوشش قرار دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایزل کے واقعے پر وہ پہلے بھی بات کرچکے تھے اور حکومت سے کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔
ایزل کی والدہ اپنی بیٹی کے لیے انصاف کا مطالبہ جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ رجب بٹ کی ملاقات ان کا مؤقف اور والدہ کی جانب سے مالی مدد نہ ملنے کا بیان سوشل میڈیا پر نئی بحث کا باعث بن گیا ہے۔