انوشکا شرما کے ایک آرڈر نے ڈوبتے ریسٹورنٹ کی کہانی بدل دی

image

ممبئی کے چیمبور میں دو بھائیوں جسپال سنگھ خالصہ اور مہندر سنگھ خالصہ نے اکتوبر 2021 میں صرف 250 مربع فٹ کی ایک چھوٹی سی دکان سے ریسٹورنٹ شروع کیا۔ وہاں صرف 3 میزیں تھیں اور ایک وقت میں 9 افراد ہی بیٹھ سکتے تھے، لیکن کاروبار شروع ہونے کے کچھ ہی عرصے بعد گاہک کم ہونے لگے اور ستمبر 2022 تک دونوں بھائی تقریباً 18 لاکھ بھارتی روپے کے قرض میں چلے گئے۔ حالات یہاں تک پہنچ گئے کہ ریسٹورنٹ بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

اسی دوران اسٹینڈ اَپ کامیڈین ابھیشیک اپمنیو نے وہاں کے چھولے بھٹورے کھائے اور انسٹاگرام اسٹوری پر ان کی تعریف کردی۔ اس پوسٹ کے بعد ریسٹورنٹ میں گاہکوں کی تعداد بڑھنے لگی اور پھر انوشکا شرما کی نظر بھی اس ریسٹورنٹ پر پڑی، جو شوہر ویرات کوہلی کے لیے ممبئی میں دہلی کے روایتی ذائقے والے چھولے بھٹورے تلاش کر رہی تھیں۔

انوشکا نے دو پلیٹ چھولے بھٹورے اپنے جوہو میں واقع گھر منگوائے۔ ریسٹورنٹ کے مالک جسپال سنگھ کے مطابق جب آرڈر کی ڈیلیوری کے لیے بینک تفصیلات مانگی گئیں تو انہیں پہلے شک ہوا کہ شاید کوئی مذاق یا فراڈ کیا جا رہا ہے، تاہم بعد میں معلوم ہوا کہ فون ویرات کوہلی کے گھر سے آیا تھا۔

کھانا پہنچنے کے بعد انوشکا نے ریسٹورنٹ کا ذکر اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں کیا اور چھولے بھٹوروں کو تلاش کرنے کی اپنی کوشش کامیاب ہونے پر خوشی کا اظہار کیا۔ اس پوسٹ کا اثر فوری طور پر نظر آیا اور تقریباً آدھے گھنٹے میں ریسٹورنٹ کے باہر اتنا رش ہوگیا کہ صورتحال سنبھالنے کے لیے پولیس کو بھی آنا پڑا۔

جسپال سنگھ کے مطابق جو کاروبار مشکل وقت میں ماہانہ صرف ڈیڑھ لاکھ روپے کے قریب فروخت کر رہا تھا، وہ اب تقریباً 2 کروڑ روپے ماہانہ تک پہنچ چکا ہے۔ دونوں بھائیوں نے اب ممبئی میں ریسٹورنٹ کی 4 برانچز قائم کرلی ہیں، جہاں روزانہ 3 ہزار سے زیادہ پلیٹیں فروخت ہونے کا دعویٰ کیا جاتا ہے۔ ایک مشہور شخصیت کے صرف ایک آرڈر اور پوسٹ نے چھوٹے سے ریسٹورنٹ کے کاروبار کو بالکل نئی سمت دے دی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US