ان کے اپنے پیسے ہیں خرچ کریں لیکن ہر چیز سوشل میڈیا پر دکھانا ضروری نہیں۔ ایسے لوگوں کے سامنے اس طرح کی مہنگی خریداری کی نمائش مناسب نہیں جو بنیادی ضروریات بھی پوری نہیں کر پاتے۔
ایف آئی اے کی کارروائی کے بعد شاید معصوم بن گئے ہیں، میرے خیال میں سرفراز چوہدری کو سراہنا چاہیے جنہوں نے ان کے مبینہ غیر قانونی پیسے پکڑے۔
جیسے جیسے ڈیجیٹل کریئیٹرز زیادہ کماتے ہیں، انسانیت اور سمجھ داری بڑھنے کے بجائے ایسی چیزیں دیکھنے کو مل رہی ہیں۔
لوگ ویڈیو دیکھ کر تنقید کریں گے، لیکن آخرکار یہی ویڈیوز ان کے لیے لاکھوں روپے کما دیتی ہیں۔
ڈکی بھائی ایک بار پھر دولت کی نمائش کرتے دکھائی دے رہے ہیں، اسی وجہ سے انہیں کلاوٹ چیزر بھی کہا جا رہا ہے۔
پاکستانی ڈیجیٹل کریئیٹر عروب جتوئی اور ان کے شوہر ڈکی بھائی ایک بار پھر سوشل میڈیا پر زیرِ بحث ہیں۔ عروب نے حال ہی میں ایک منی وی لاگ شیئر کیا جس میں ایک ہی دن میں ایک کروڑ روپے خرچ کرنے کا چیلنج دکھایا گیا۔
ویڈیو کے مطابق دن کا آغاز ایک مہنگے ریسٹورنٹ سے ہوا جہاں مختلف کھانوں کا آرڈر دیا گیا اور تقریباً 50 ہزار روپے کا بل ادا کیا گیا۔ اس کے بعد گاڑی خریدنے کی تجویز بھی سامنے آئی تاہم عروب نے اسے مسترد کردیا۔
بعد ازاں جدید ترین آئی فون خریدا گیا جس کی قیمت تقریباً 10 لاکھ روپے بتائی گئی۔ اس کے بعد دونوں زیورات کی خریداری کے لیے جیولری اسٹور پہنچے جہاں مختلف گولڈ سیٹس اور چوڑیاں خریدی گئیں۔ عروب کے مطابق زیورات پر ڈسکاؤنٹ بھی دیا جا رہا تھا جبکہ انہیں ایک گولڈ سیٹ تحفے میں بھی دیا گیا۔
منی وی لاگ سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آئے۔ کچھ لوگوں نے جوڑے کی اپنی کمائی خرچ کرنے کو ذاتی معاملہ قرار دیا تاہم ان کا کہنا تھا کہ اتنی مہنگی خریداری کو سوشل میڈیا پر نمایاں کرنا مناسب نہیں۔
دوسری جانب بعض صارفین نے ڈکی بھائی کے ماضی میں ایف آئی اے سے متعلق معاملے کا حوالہ دیتے ہوئے بھی تنقید کی۔ تاہم یہ باتیں سوشل میڈیا صارفین کے تبصروں اور الزامات کی صورت میں سامنے آئیں، جبکہ ویڈیو کا مرکزی موضوع ایک دن میں ایک کروڑ روپے خرچ کرنے کا چیلنج تھا۔