ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے قاتل نے مجسٹریٹ کے روبرو اعتراف جرم کرلیا

image

ٹک ٹاکر ثنا یوسف قتل کیس میں تفتیش کے دوران اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ تفتیشی حکام کے مطابق ملزم عمر حیات کو شناختی پریڈ میں شناخت کر لیا گیا جبکہ اس نے مجسٹریٹ کے روبرو پیش ہو کر اعترافِ جرم بھی کرلیا ہے۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں کیس کی سماعت کے دوران تفتیشی افسر فخر عباس نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کو جڑانوالہ میں اس کے گھر کے باہر سے گرفتار کیا گیا تھا۔ گرفتاری کے وقت اس کے قبضے سے ایک موبائل فون بھی برآمد ہوا۔

پراسیکیوٹر نوید حسین کے مطابق دورانِ تفتیش ملزم نے اسلام آباد آ کر واردات میں استعمال ہونے والے پستول کی نشاندہی کی، جس کے بعد اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ تفتیشی ٹیم نے اس مقام کی بھی نشاندہی حاصل کر لی جہاں سے گاڑی کرائے پر لی گئی تھی، جبکہ متعلقہ گاڑی کی شناخت بھی مکمل کرلی گئی ہے۔

عدالت کو مزید بتایا گیا کہ مقتولہ کے کمرے کے دروازے پر نصب شیشے سے حاصل کیے گئے فنگر پرنٹس نادرا رپورٹ کے مطابق ملزم عمر حیات سے مطابقت رکھتے ہیں۔ علاوہ ازیں ملزم اور مقتولہ کے درمیان ہونے والی واٹس ایپ چیٹ بھی تفتیش کا حصہ بنادی گئی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US