گلوکار نوٹوں کی بارش سے دب گیا، ویڈیو وائرل

image

بھارت میں ایک گلوکار کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پرفارمنس کے دوران اس پر بڑی تعداد میں کرنسی نوٹ نچھاور کیے گئے، یہاں تک کہ وہ نوٹوں کے ڈھیر تلے تقریباً چھپ گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ دوارکا ضلع کے کھمبھالیہ علاقے میں ہونے والے ایک دیرو پروگرام کے دوران پیش آیا جہاں حاضرین نے جوش میں آ کر گلوکار پر چاروں طرف سے نوٹ برسانا شروع کر دیے۔

وائرل ویڈیو میں اسٹیج کا منظر غیر معمولی دکھائی دیتا ہے، جہاں فنکار نوٹوں کے انبار کے درمیان بھی اپنی پرفارمنس جاری رکھے ہوئے ہے جبکہ حاضرین مسلسل رقم نچھاور کر رہے ہیں۔ اس منفرد منظر نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کر لی اور ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔

اگرچہ تقریبات میں فنکاروں پر پیسے نچھاور کرنے کی روایت نئی نہیں، تاہم اس بار نوٹوں کی مقدار نے سب کو حیران کر دیا اور تقریب ایک یادگار منظر میں بدل گئی۔

بعد ازاں منتظمین نے وضاحت کی کہ جمع ہونے والی رقم کسی ذاتی مقصد کے لیے استعمال نہیں ہوگی۔ ان کے مطابق پروگرام کے اخراجات نکالنے کے بعد باقی تمام رقم اور عطیات اہیر چیریٹیبل ٹرسٹ کو منتقل کر دیے جائیں گے۔

ٹرسٹ کا کہنا ہے کہ یہ فنڈز گجرات اہیر کنیا چھترالیہ یعنی آہیر گرلز ہاسٹل اور احمد آباد میں زیر تعمیر تعلیمی کمپلیکس پر خرچ کیے جائیں گے تاکہ آہیر برادری کی طالبات کو بہتر رہائش اور تعلیمی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

سوشل میڈیا پر متعدد صارفین نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اگر یہ رقم لڑکیوں کی تعلیم اور ہاسٹل کی تعمیر پر خرچ ہوگی تو یہ ایک مثبت اور خوش آئند قدم ہے۔

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US