چند نہیں تمام مرد دھوکے باز ہوتے ہیں، فرحان سعید

image

صرف چند نہیں، تقریباً تمام مرد فراڈی ہوتے ہیں۔ لڑکیوں کو سب سے پہلے خود سے محبت کرنی چاہیے اور اپنی اہمیت سمجھنی چاہیے۔ کسی مرد کو بچانے کے لیے خود کو تباہ مت کریں۔ میرے نزدیک تو ایک موقع ہی کافی ہوتا ہے۔ اکثر خواتین یہ سوچ کر رشتے نبھاتی رہتی ہیں کہ محبت کسی انسان کو بدل دے گی، لیکن حقیقت میں ایسا بہت کم ہوتا ہے۔”

پاکستانی اداکار اور گلوکار فرحان سعید کا یہ بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا ہے جہاں مداح اس پر کھل کر تبصرے کر رہے ہیں۔

حال ہی میں فرحان سعید اداکارہ مامیہ شجاعفر کے ساتھ اپنی نئی فلم “لو دی سون” کی تشہیری مہم کے سلسلے میں ایک انٹرویو میں شریک ہوئے۔ گفتگو کے دوران جب مامیہ شجاعفر نے کہا کہ زیادہ تر لڑکے جھوٹے وعدوں اور خوبصورت باتوں سے لڑکیوں کو متاثر کرتے ہیں تو فرحان سعید نے فوراً اس بات سے اتفاق کرتے ہوئے مردوں کے رویوں پر کھل کر بات کی۔

فرحان سعید کا کہنا تھا کہ بہت سی لڑکیاں رشتوں میں خود کو اس حد تک قربان کر دیتی ہیں کہ وہ اپنی ذات اور سکون کو بھول جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین اکثر یہ امید لگائے رکھتی ہیں کہ ان کی محبت کسی غلط انسان کو بدل دے گی، لیکن حقیقت میں ایسا شاذ و نادر ہی ہوتا ہے۔

اداکار نے مزید کہا کہ بعض خواتین “سیویئر سنڈروم” کا شکار ہو جاتی ہیں، جہاں وہ مسلسل اپنے پارٹنر کو ٹھیک کرنے کی کوشش میں خود ذہنی اور جذباتی طور پر ٹوٹتی رہتی ہیں۔ ان کے مطابق خواتین کو اپنی زندگی اور عزتِ نفس کو کسی بھی رشتے پر قربان نہیں کرنا چاہیے۔

فرحان سعید کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر دلچسپ بحث چھڑ گئی ہے۔ کچھ صارفین نے ان کی باتوں کو حقیقت قرار دیا جبکہ بعض نے کہا کہ تمام مردوں کو ایک جیسا کہنا درست نہیں۔

اداکاری کے میدان میں فرحان سعید کا شمار پاکستان کے مقبول ترین فنکاروں میں ہوتا ہے۔ وہ اداری، سنو چندا، پریم گلی اور میرے ہمسفر جیسے سپر ہٹ ڈراموں میں اپنی اداکاری سے مداحوں کے دل جیت چکے ہیں۔ ان دنوں وہ ڈرامہ شیرین فرہاد میں اپنی پرفارمنس پر خوب داد سمیٹ رہے ہیں جبکہ جلد ہی وہ فلم لو دی سون میں بھی نظر آئیں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US