یہ سراسر بکواس ہے ، عائشہ عمر نے خاموشی توڑ دی

image

یہ سراسر بکواس ہے۔ میں کبھی بھی ایسی فضول اور غیر اخلاقی بات نہ سوچ سکتی ہوں اور نہ ہی کہہ سکتی ہوں۔ دھوکا دینا اور شادی سے باہر تعلقات رکھنا میرے لیے مکمل طور پر ناقابلِ قبول ہے۔ یہ چیز میرے اصولوں اور سوچ کے بالکل خلاف ہے۔ براہِ کرم کسی بھی بات کو پھیلانے سے پہلے اس کی تصدیق کیا کریں اور صرف لوگوں کو بدنام کرنے کے لیے جھوٹے بیانات شیئر نہ کریں۔

پاکستانی اداکارہ عائشہ عمر نے سوشل میڈیا پر اپنے نام سے منسوب ایک متنازع بیان پر خاموشی توڑتے ہوئے سخت ردعمل دے دیا۔

گزشتہ چند روز سے سوشل میڈیا پر ایک جعلی بیان تیزی سے وائرل ہو رہا تھا جس میں دعویٰ کیا گیا کہ عائشہ عمر نے کہا ہے کہ جو مرد گھر میں سکون نہ پائیں، انہیں شادی سے باہر تعلقات بنا لینے چاہئیں۔ اس بیان کے سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر شدید بحث چھڑ گئی اور کئی صارفین نے اداکارہ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

تاہم اب عائشہ عمر نے انسٹاگرام پر واضح الفاظ میں اس بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ان کا اس سوچ سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں۔ اداکارہ نے کہا کہ لوگ بغیر تصدیق کے جھوٹی باتیں پھیلا کر دوسروں کی ساکھ خراب کرنے کی کوشش کرتے ہیں، جو افسوسناک ہے۔

عائشہ عمر کا کہنا تھا کہ رشتوں میں وفاداری اور اعتماد سب سے اہم چیز ہے اور وہ کسی بھی صورت بےوفائی یا غیر ازدواجی تعلقات کی حمایت نہیں کر سکتیں۔ ان کے مطابق ایسی باتیں نہ صرف غلط ہیں بلکہ معاشرے میں منفی سوچ کو فروغ دیتی ہیں۔

اداکارہ کے اس وضاحتی بیان کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے ان کی حمایت کی اور جعلی خبروں کے پھیلاؤ پر تشویش کا اظہار کیا۔ کئی مداحوں نے کہا کہ مشہور شخصیات کو اکثر جھوٹے بیانات کے ذریعے متنازع بنانے کی کوشش کی جاتی ہے۔

عائشہ عمر پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں۔ وہ حبس، زندگی گلزار ہے، ڈولی کی آئے گی بارات، تنہائیاں اور مقبول کامیڈی سیریل بلبلے سمیت کئی کامیاب منصوبوں کا حصہ رہ چکی ہیں۔ حال ہی میں وہ فلم میرا لیاری میں بھی نظر آئیں، جسے انہوں نے بطور شریک پروڈیوسر بھی پیش کیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US