پاکستانی اداکارہ صنم سعید نے عالمی شہرت یافتہ 79ویں کانز فلم فیسٹیول میں اپنے شاندار ڈیبیو سے نہ صرف پاکستانی مداحوں بلکہ بین الاقوامی میڈیا کی بھی توجہ حاصل کر لی۔ اپنی خوبصورت شخصیت، پراعتماد انداز اور منفرد فیشن انتخاب کے باعث صنم سعید سوشل میڈیا پر مسلسل موضوعِ بحث بنی ہوئی ہیں۔
ڈرامہ کفیل میں شاندار اداکاری کے بعد صنم سعید نے اب عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے فیشن ناقدین سے بھی خوب داد سمیٹی۔ کانز فلم فیسٹیول میں ان کے مختلف انداز کو پاکستانی اور بھارتی میڈیا نے نمایاں کوریج دی جبکہ مداح ان کے ہر لک کی تعریف کرتے دکھائی دیے۔
صنم سعید نے اپنے کانز ڈیبیو کے لیے معروف پاکستانی ڈیزائنر حسین رہر کا خصوصی طور پر تیار کردہ سفید لباس پہنا، جسے مور کے حسین انداز سے متاثر ہو کر ڈیزائن کیا گیا تھا۔ اس خوبصورت ملبوس پر مکیش، زردوزی اور آئینوں کا نفیس کام کیا گیا تھا جس نے لباس کو مزید دلکش بنا دیا۔
اس شاہکار لباس کی تیاری میں 50 کاریگروں نے حصہ لیا اور مجموعی طور پر 2354 گھنٹے صرف کیے گئے۔ باریک ہاتھ کی کڑھائی اور روایتی فن نے اس لباس کو کانز کے نمایاں فیشن لمحات میں شامل کر دیا۔
صنم سعید نے اس لک کے ساتھ پرانے ہالی ووڈ طرز کا ویوی ہیئر اسٹائل اپنایا جس نے ان کی شخصیت کو مزید جاذبِ نظر بنا دیا۔ اس موقع پر اداکارہ نے پاکستانی فلم انڈسٹری کی لیجنڈ شمیم آراء کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ کانز میں پاکستانی سنیما کی خوبصورت روایت اور کامیابیوں کی نمائندگی کر رہی ہیں۔
اداکارہ نے اپنے بالکونی فوٹو شوٹ کے لیے ہلکے پیلے رنگ کا خوبصورت گاؤن بھی زیب تن کیا، جسے “چیٹس بائی سی ڈیم” نے ڈیزائن کیا تھا۔ اس لک میں بھی صنم سعید کی نفاست اور سادگی نے مداحوں کو بےحد متاثر کیا۔
صنم سعید نے کانز میں حسین رہر کے خصوصی شوکیس میں بھی شرکت کی جہاں ان کا پراعتماد انداز سب کی توجہ کا مرکز بن گیا۔
ریڈ کارپٹ پر صنم سعید سفید رنگ کے ایک اور خوبصورت لباس میں جلوہ گر ہوئیں جبکہ ان کے بال تازہ پھولوں سے سجائے گئے تھے۔ ان کے زیورات “حنیف جیولرز” کی جانب سے خصوصی طور پر تیار کیے گئے تھے۔ ان کا یہ منفرد انداز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگیا اور مداحوں نے اسے کانز کے یادگار لمحات میں شامل قرار دیا۔
سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے صنم سعید کے کانز ڈیبیو کو پاکستانی فیشن اور انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے لیے فخر قرار دیا۔ مداحوں کا کہنا ہے کہ صنم سعید نے نہ صرف اپنی خوبصورتی اور اعتماد سے دل جیتے بلکہ عالمی سطح پر پاکستانی ثقافت اور فیشن کو بھی بہترین انداز میں پیش کیا۔