”شادی کے بعد جب میں پہلی بار اپنے سسرال پہنچی تو میرا استقبال پھولوں سے کیا گیا۔ شروع میں مجھے لگا کہ شاید یہ محبت اور خوشی کا اظہار ہے، لیکن کچھ دیر بعد گھر کے ایک بچے نے بتایا کہ یہ پھول گھر کے پیچھے موجود قبرستان سے لائے گئے تھے۔ یہ سن کر میں اندر سے ہل گئی تھی۔ مجھے بہت خوف محسوس ہوا اور ایک عجیب سی بےچینی نے گھیر لیا تھا۔“
پاکستانی اداکارہ فضا علی نے اپنی دوسری شادی سے جڑا ایک ایسا حیران کن واقعہ بیان کیا ہے جس نے سوشل میڈیا صارفین کو چونکا کر رکھ دیا۔
حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران فضا علی نے اپنی ذاتی زندگی کے مشکل ترین لمحات پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ پہلی شادی ناکام ہونے کے بعد انہوں نے زندگی کو دوسرا موقع دینے کا فیصلہ کیا تھا۔ طلاق کے بعد ان کی زندگی میں دوبارہ محبت نے جگہ بنائی اور انہوں نے دوسری شادی کر لی۔
اداکارہ کے مطابق وہ نئی زندگی کے آغاز پر کافی پُرامید تھیں اور چاہتی تھیں کہ اس بار انہیں سکون اور محبت ملے۔ شادی کے بعد جب وہ اپنے شوہر کے ہمراہ سسرال پہنچیں تو ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا، جس پر وہ جذباتی بھی ہوگئیں۔ البتہ انھوں نے سوچا کہ بغیر بتائے آنے پر گھر والوں نے اتنی جلدی پھولوں کا انتظام کیسے کیا؟
تاہم خوشی کا یہ لمحہ اس وقت خوف میں بدل گیا جب گھر کے ایک بچے نے انہیں بتایا کہ ان پر نچھاور کیے گئے پھول قریبی قبرستان سے لائے گئے تھے۔ فضا علی نے کہا کہ یہ بات سن کر ان کے ذہن میں کئی خوفناک خیالات آنے لگے اور وہ شدید پریشان ہوگئیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ اس انکشاف کے بعد وہ کافی خوفزدہ رہنے لگیں اور انہیں ہر وقت عجیب سا ڈر محسوس ہوتا تھا، البتہ ان کے شوہر نے اس مشکل وقت میں ان کا ساتھ نہیں چھوڑا۔
فضا علی کی اس کہانی نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ کئی صارفین نے اس واقعے پر حیرت کا اظہار کیا جبکہ بعض نے سوال اٹھایا کہ آخر کوئی ایسا استقبال کیسے کر سکتا ہے۔
یاد رہے کہ فضا علی پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ اور میزبان ہیں، جو اپنی نجی زندگی اور بےباک اندازِ گفتگو کے باعث اکثر خبروں میں رہتی ہیں۔