روس اور پاکستان کے درمیان اسٹریٹجک استحکام سے متعلق مشاورتی گروپ کا 16واں اجلاس 18 مئی کو ماسکو میں منعقد ہوا۔
اجلاس کی مشترکہ صدارت روس کے نائب وزیر خارجہ سرگئی ریابکوف اور پاکستان کی وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکریٹری طاہر حسین اندرابی نے کی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں ممالک کے وفود کے درمیان بین الاقوامی سلامتی، عالمی استحکام، اسلحہ کنٹرول، تخفیف اسلحہ اور عدم پھیلاؤ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ بیشتر معاملات پر روس اور پاکستان کے مؤقف میں ہم آہنگی پائی گئی، جبکہ دونوں جانب سے متعلقہ بین الاقوامی فورمز پر باہمی رابطوں اور تعاون کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق مشاورتی گروپ کا 17واں اجلاس آئندہ سال اسلام آباد میں منعقد کرنے پر اتفاق کیا گیا۔