میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ اربن فاریسٹ منصوبہ شہر قائد کی فضائی آلودگی کم کرنے کے لیے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا اور اس سے کراچی کو سرسبز و ماحول دوست بنانے میں مدد ملے گی۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ شاہراہِ بھٹو کے اطراف گرین زون بنانے کے فیصلے کے بعد اب تک وہاں 10 ہزار درخت لگائے جا چکے ہیں، جبکہ اس مہم کے تحت مجموعی طور پر ایک لاکھ مقامی پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
میئر کراچی کے مطابق بلدیہ عظمیٰ کراچی (کے ایم سی) کے محکمہ پارکس نے دو ماہ قبل اس منصوبے پر کام کا آغاز کیا تھا، جس کے تحت شاہراہِ بھٹو پر مرحلہ وار نیم، گل مہر اور دیگر درخت لگائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہر میں آکسیجن کا تناسب بہتر بنانے اور اسے گرین سٹی میں تبدیل کرنے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں اور کراچی کے تمام ساتوں اضلاع میں ایسے گرین زونز بنائے جائیں گے۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اس مہم میں بلدیہ کا ساتھ دیں اور صدقہ جاریہ کے طور پر پودے لگائیں۔
شہر میں جاری ترقیاتی کاموں کا ذکر کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ شاہراہِ بھٹو کے علاوہ بلوچ کالونی ایکسپریس وے، کورنگی کازوے اور تاج حیدر برج جیسے اہم منصوبوں پر کام جاری ہے، جبکہ کورنگی کے علاقے میں بھی بڑے پیمانے پر نیم کے درخت لگائے گئے ہیں تاکہ شہر کی خوبصورتی اور ماحولیات کو ترجیحی بنیادوں پر بہتر بنایا جاسکے۔