آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے شیوا میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔
بیان کے مطابق 17 مئی 2026 سے جاری اس آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 22 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد فتنہ الخوارج سے تعلق رکھتے تھے اور مبینہ طور پر بھارتی سرپرستی میں مختلف دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث رہے ہیں۔ آپریشن کے دوران ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے کر کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ چھپے ہوئے دہشت گردوں کو بھی ختم کیا جاسکے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ دہشت گرد مقامی آبادی کو ڈراتے دھمکاتے رہے اور انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرتے ہوئے اپنی نقل و حرکت کو محفوظ بنانے کی کوشش کرتے تھے، جس کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔
سیکیورٹی فورسز نے واضح کیا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے عزم استحکام کے تحت انسدادِ دہشت گردی مہم پوری شدت کے ساتھ جاری رہے گی۔